اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے 48 گھنٹے اور بلاول کے 5 دن تو کاٹھ کا گھوڑا نکلے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے 48 گھنٹے اور بلاول بھٹو کے 5 دن تو کاٹھ کا گھوڑا نکلے، لیکن میں بتا رہا ہوں آئندہ ہفتے میں اپوزیشن اپنی تحریک سمیت گھروں میں واپس چلی جائے گی اور ان کے تمام دعووں سے مکمل ہوا نکل جائے گی۔
وزیراطلاعات نے یہ بھی بتایا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اسلامی وزرائے خارجہ کی کانفرنس کے بعد اہم دورے کریں گے۔
واضح رہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بہاول پور کی تحصیل احمد پور شرقیہ میں لانگ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم سے کہتے ہیں کہ 5 روز کے اندر خود مستعفی ہو جائیں۔
عمران خان اسمبلی توڑواور ہمارا مقابلہ کرو، اگر آپ خود مستعفی نہ ہوئے تو ہم اسلام آباد آکر آپ کا بندوبست کریں گے، عدم اعتماد لائیں گے اور آپ کو ہٹا کر رہیں گے، پانچ دن بعد ہمارے نمبر پورے ہو چکے ہوں گے، ایوان میں ہر ایم این اے عدم اعتماد میں ہمارے ساتھ ہے۔