یوکرین میں قریباً 20 ہزار غیرملکی رضاکار روسی فوج کے خلاف لڑ رہے ہیں: وزیر خارجہ

Ukraine Russia War

Ukraine Russia War

یوکرین (اصل میڈیا ڈیسک) یوکرین میں اس وقت قریباً 20 غیرملکی جنگجو حملہ آور روسی فوج کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ان بین الاقوامی رضاکاروں میں زیادہ تر کا تعلق یورپ سے ہے۔

یوکرین میں غیرملکی جنگجوؤں کی موجودگی کا اعتراف وزیر خارجہ دمیتروکلیبا نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’’روس نے حالیہ برسوں کے دوران میں جو کچھ کیا ہے،دنیا میں بہت سے لوگ اس بنا پراس سے نفرت کرتے ہیں لیکن کسی نے کھلے عام روسیوں کی مخالفت اور ان سے لڑنے کی دلیری نہیں کی تھی۔اب لوگوں نے دیکھا کہ یوکرینی لڑرہے ہیں اوروہ اس سے دستبردار ہونے کو تیارنہیں توانھیں لڑائی میں شرکت کی ترغیب وتحریک ملی اور وہ روس کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے سامنے آئے ہیں‘‘۔

تاہم یوکرینی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ وہ غیرملکیوں کے برسرزمین کردار ادا کرنے کی قدرکرتے ہیں اور اس کو سمجھتے ہیں لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ دنیا بھر سے یوکرین کو پائیدار، سیاسی ، اقتصادی اور فوجی امدادوحمایت مہیا کی جائے۔

کلیبا نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’’اس ضمن میں ہم امریکی قیادت کی جانب سے کردارکے منتظر ہیں اور خصوصی طور پر فضائی دفاع پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے‘‘۔

گذشتہ ماہ روس کی یوکرین پرفوجی چڑھائی کے آغاز کے وقت صدرولودی میرزیلنسکی نے غیرملکیوں کو کھلے عام ملک میں آنے کی دعوت دی تھی کہ وہ آئیں اور یوکرین کی مسلح افواج کے شانہ بشانہ روسیوں کے خلاف لڑیں۔

انھوں نے رضاکاروں کو دعوت دی تھی کہ وہ اپنے اپنے ممالک میں قائم یوکرین کے سفارت خانوں سے رابطہ کریں۔

چناں چہ ڈنمارک نے اپنے شہریوں کو یوکرین میں ہتھیاراٹھانے کی اجازت دے دی ہے۔برطانوی وزیرخارجہ لیز ٹرس نے بھی اپنے شہریوں کو اسی طرح کی اجازت دی ہے کہ یوکرین میں جاکرروسی فوج کے خلاف لڑسکتے ہیں۔

لیکن اتوار کو برطانیہ کی مسلح افواج کے سربراہ ایڈمرل ٹونی راڈکین نے ان کے اس مؤقف کی مخالفت کی ہے اور اس کے برعکس کہا ہے کہ برطانویوں کا یوکرین میں جاکر روس کے خلاف لڑنا بالکل ’’غیرقانونی اور غیرمددگار‘‘ہے۔