پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومتی کشتی بری طرح سیاسی بھنور میں پھنس چکی ہے اور اپنی نا اہلی اور نالائقی کی وجہ سے عوام کی نظروں سے گر چکی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ساڑھے تین برس میں جھوٹے وعدے اور اعلانات بے نقاب ہو چکے اور اب قوم ظلم اور ناانصافی پر مزید خاموش نہیں رہے گی۔
سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی والے پیپلز پارٹی کو اور پیپلز پارٹی والے پی ٹی آئی والوں کو چور کہتے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ یہ دونوں ایک دوسرے کے حوالے سے سچ بول رہے ہیں۔
انہوں نے پشاور میں مسجد میں خود کش دھماکے کی مذمت اور شہدا کے خاندان سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اس ملک سے امریکا اور انگریز کی غلامی کا نظام ختم کر کے شریعت کا نظام نافذ کرے گی۔
سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے پاس اسلامی و خوشحال پاکستان کا ایجنڈا لے کر جا رہی ہے، اب نجات کا ایک ہی راستہ ہے کہ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں اور انتخابات میں ترازو پر مہر لگائیں۔