اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) حکومت مسلم لیگ ق کو مطمئن کرنے میں ناکام ہو گئی جس کے باعث ق لیگ کی جانب سے حکومتی اتحاد چھوڑنے کا قوی امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ق کی اہم مشاورتی بیٹھک آج شام کو ہوگی، جس میں مسلم لیگ ق اپوزیشن اور حکومت سے ہونے والے مذاکرات سے متعلق غور کرے گی۔
مسلم لیگ ق کو حکومت تاحال مطمئن نہیں کر پائی ہے جبکہ مسلم لیگ ق اور حکومت میں گزشتہ روز ہونے والے مذاکرات بھی بے نتیجہ رہے۔
مسلم لیگ ق آج شام کو اپنے سیاسی مستقبل اور آئندہ کی حکمت عملی پر غور کرے گی۔
ذرائع ق لیگ کے مطابق سیاست میں ضد یا انا نہیں بلکہ پارلیمانی و جمہوری رویے اہمیت کے حامل ہوتے ہیں، مسلم لیگ ق کی پنجاب سمیت ملکی سیاست میں ہمیشہ سے اہم کردار رہا ہے۔