بجلی کی قیمت میں 4 روپے 99 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان

Electricity

Electricity

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سی پی پی نے نیپرا میں فروری کی فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت 4 روپے 99 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست دائر کر دی۔

بجلی صارفین کے لیے ایک اور بری خبر ہے، کیوں کہ بجلی کی قیمت 4 روپے 99 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے، سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا میں فروری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست دائر کردی ہے، اور نیپرا سی پی پی اے کی درخواست پر 31 مارچ کو سماعت کرے گا۔

سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں مؤقف پیش کیا گیا ہے کہ فروری میں کوئلے سے 31.70 فیصد، فرنس آئل سے 6.51 فیصد، مقامی گیس سے 11.36، ایل این جی سے 15.16 فیصد، اور جوہری ایندھن سے 12.53 فیصد بجلی پیدا ہوئی، جب کہ فروری کے لئے ریفرنس فیول لاگت 4 روپے 25 پیسے فی یونٹ مقرر تھی۔

واضح رہے کہ رواں ماہ ہی 10 مارچ کو نیپرا نے جنوری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ جاری کرتے ہوئے بجلی 5.94 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی تھی، جس سے بجلی صارفین پر58 ارب روپےکا اضافی بوجھ پڑے گا۔