کروڑوں روپے کی تعمیر سے ہونے والے تعمیراتی منصوبہ جات کا افتتاح آج منعقد ہو گا
Posted on January 10, 2011 By Asif گجرات
گجرات(جی پی آئی) لالہ موسیٰ شہر میں کروڑوں روپے کی گرانٹ سے تعمیر ہونے والے بڑے تعمیراتی منصوبوں ، سیوریج سکیم ، ڈسپوزل اسٹیشن ،سپیشل ایجوکیشن سنٹر ، گورنمنٹ بوائز کالج لالہ موسیٰ کی اپ گریڈیشن ، سول ہسپتال کی تعمیر اور توقیر شہید گرلز ہائی سکول جیسے منصوبوں کی افتتاحی تقریب آج 10جنوری بروز سوموار دن ایک بجے بلدیہ لالہ موسیٰ میں منعقد ہو گی ، جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری قمر زمان کائرہ اور صوبائی وزیر خزانہ چوہدری تنویر اشر ف کائرہ افتتاحی تقریب کے انعقاد سے قبل درج بالا منصوبوں پر تختیوں کی نقاب کشائی کرینگے۔
اس سلسلہ میں ملنے والی تفصیلات میں معلوم ہوا ہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری قمر زمان کائرہ اور صوبائی وزیر خزانہ چوہدری تنویر اشرف کائرہ کی خصوصی گرانٹ 17کروڑ روپے کی لاگت سے لالہ موسیٰ شہر میں نکاسی آب کے بڑے منصوبے ، 8کروڑروپے کی لاگت سے خصوصی بچوں کے لئے تعمیر ہونے والے سپیشل ایجوکیشن سنٹر ، 4کروڑ 35لاکھ روپے کی لاگت سے 40بستروں پر مشتمل تحصیل لیول کے سول ہسپتال کی تعمیر کے منصوبے کے علاوہ 90لاکھ روپے کی گرانٹ سے اسلامیہ ہائی سکول کے عقب میں تعمیر ہونے والے توقیر شہید گرلز ہائی سکول کے منصوبے جن کی تعمیرات تیزی سے جاری ہیں کی افتتاحی تقریب آج 10جنوری کو بلدیہ لالہ موسیٰ میں منعقد ہو گی۔
جس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری قمر زمان کائرہ اور صوبائی وزیر خزانہ چوہدری تنویر اشرف کائرہ ہونگے ، جبکہ تقریب سے قبل وزرائے کرام ان منصوبوں کی تختیوں کی نقاب کشائی کی رسم بھی مشترکہ طور پر ادا کرینگے ، جس میں معززین علاقہ اور جیالوں کی بڑی تعداد شریک ہو گی۔
by Asif
Editor at GeoURDU.com & Software Engineer