بجلی کی طویل ترین غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر احتجاجی مظاہرہ
Posted on January 14, 2011 By Asif گجرات
کنجاہ (یاورعباسصدیق بٹ ) بجلی کی طویل ترین غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور سوئی گیس پریشر میں کمی کے خلاف کنجاہ کے طلباء نے حکومت کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کنجاہ قینچی روڈ پر ٹائروں کو آگ لگا کر ٹریفک بلاک کردی ۔ احتجاجی مظاہرہ تین گھنٹے تک جاری رہا ۔ طلباء نے حکمرانوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔ انجمن تاجران کنجاہ کے صدر سیٹھ قمر خورشید صراف، کنجاہ پریس کلب کے صدر صدیق بٹ ، جنرل سیکرٹری یاورعباس اور کنجاہ شہر کی عوامی اور سماجی تنظیمیں بھی اس ہڑتال میں شامل ہوگئیں اور طلباء کا بھر پور ساتھ دیا۔
واقع کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ کنجاہ کے ایس ایچ او چوہدری محمد عارف گوندل بھاری نفری کے ہمراہ اور پیٹرولنگ پولیس ساروکی کے اہلکاران بھی موقع پر پہنچ گئے ۔ جنہوںنے طلباء اور دیگر رہنمائوں سے مذاکرات کیے مگر مظاہرین نے سوئی گیس اور گیپکو حکام کے آنے تک ہڑتال ختم نہ کرنے کا اعلان کردیا جس پر محکمہ سوئی گیس کی جانب سے سب انجینئر محمد آصف جبکہ گیپکو حکام کی جانب سے ایس ڈی او کنجاہ محمد انور مذاکرات کے لیے کنجاہ قینچی پر پہنچ گئے۔
محکمہ سوئی گیس کے نمائندہ نے یقین دلایا کہ آج ہی گیس پریشر بڑھادیا جائے گا جبکہ گیپکو حکام کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ عوام کے مفاد کو مدنظر رکھ کر شیڈول بنایا جائے گا اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی بند کیا جائے گا۔ جس پر مظاہرین نے پرامن طورپر ہڑتال ختم کردی۔
by Asif
Editor at GeoURDU.com & Software Engineer