چنائے : امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے کہاہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ مشترکہ لڑائی ہے، اقوام متحدہ میں بھارت کی مستقل نشست چاہتے ہیں۔ بھارتی ریاست تامل ناڈو کے دورے کے دوران بھارتی طلبہ سے خطاب میں امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کا کہنا تھا کہ خطے سے دہشتگردی کا خاتمہ بھارت سمیت خطے کے تمام ممالک کیلئے چیلنج ہے، امریکا اور بھارت نے انسداد دہشتگردی کیلئے خفیہ معلومات کے تبادلے کے علاوہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خطے میں اہم ملک ہے اور خطے سے دہشتگردی کا خاتمہ مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ایران اور افغانستان کے متعلق امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا تہران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کی کوشش کررہے ہیں۔ تہران بات چیت سے باز نہ آیا تو دیگر طریقے بھی استعمال کئے جاسکتے ہیں۔