اسلام آباد: امریکی ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس جیمز کلیپر نے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی، ڈی جی آئی ایس آئی احمد شجاع پاشا اور انٹیلی جنس بیورو کے ڈائریکٹر سے ملاقاتیں کی ہیں اور دہشت گردی کیخلاف جنگ کے حوالے سے نئے مطالبات پیش کردئے ہیں۔ امریکی ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس گزشتہ رات بھارت کے دورے کے بعد پاکستان پہنچے، آج صبح انہوں نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے ملاقات کی۔ انتہائی اعلی سطح کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان وجہ تنازعہ بننے والے بعض اہم فوجی معاملات زیر بحث آئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جیمز کلیپر نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کے حوالے سے نہ صرف امریکی موقف کو دہرایا بلکہ بعض نئے مطالبات بھی عسکری قیادت کے سامنے لائے ۔انہوں نے پاکستان میں امریکی انٹیلی جنس مراکز کی تعداد ، امریکی انٹیلی جنس اہلکاروں کو ویزوں کی فراہمی اور پاکستان میں ان کی نقل وحرکت کے حوالے سے پاکستانی اقدامات پر تشویش کا اظہار کیا۔ امریکی ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس نے ڈرون حملوں کے حوالے سے پاکستانی موقف پر تفصیلی وضاحت بھی دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے ڈرون حملوں کے حوالے سے امریکی موقف کو رد کرتے ہوئے اس میں فوری تبدیلی کی ضرورت پر زور دیا۔ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے دونوں ملکوں کے درمیان انٹیلی جنس شیئرنگ کو برابری اور بااعتماد بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ بعد ازاں ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس نے انٹیلی جنس بیورو کے سربراہ جاوید نور سے بھی ملاقات کی۔