اسلام آباد : رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی ملک بھر میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ اسلام آباد، لاہور اور کوئٹہ سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں میں کھانے پینے اور اشیائے صرف کی چیزیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہیں۔ صوبائی اور ضلعی حکومتوں نے رمضان المبارک کی آمد سے قبل عوام کو اتوار اور دیگر سستے بازاروں کے ذریعے ریلیف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ اسلام آباد اور لاہور کے اتوار بازروں میں ادرک چھیانوے روپے کلو، ٹماٹر پچاس، کھجور ڈھائی سو، چینی بہتر اور دالیں کم از کم ایک سو چالیس روپے فی کلو مل رہی ہیں۔ اس کے علاوہ یوٹیلٹی اسٹوز پر حکومت کے اعلان کردہ سرکاری نرخ کہیں نظر نہیں آرہے۔ پنجاب میں صوبائی حکومت نے رمضان کے درمیان صوبے بھر میں تین سو پچاس اور لاہور میں سترہ سستے بازار لگانے کا اعلان کیا ہے۔