اسلام آباد: وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت برآمدات کے فروغ کے لئے کوشاں ہے۔ پاکستان دنیا کا آم پیدا کرنے والا پانچواں بڑا ملک ہے اور گذشتہ برس تیس ملین ڈالرز کے آم برآمد کئے گئے۔ اسلام آباد میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے منعقد کی گئی آموں کی نمائش کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زرعی سیکٹر کی پیداوار برآمد کرنے کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرب امارات، سعودی عرب اور برطانیہ کے بعد اب امریکہ اور جاپان کو بھی آموں کی برآمد کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آم برآمد کرنے والوں کی حکومت ہر ممکن حوصلہ افزائی کرے گی۔ نمائش میں دیگر شخصیات کے علاوہ سفارتکاروں نے بھی شرکت کی۔ نمائش میں پاکستان میں پیدا ہونے والے آموں کی مختلف قسمیں رکھی گئی تھی۔