اسلام آباد : سلیم شہزاد تحقیقاتی کمیشن کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں بعض صحافیوں کی جانب سے تعاون نہیں کیا جا رہا ہے جبکہ کمیشن آئندہ چند روز میں سلیم شہزاد کی لاش اور گاڑی ملنے والی جگہوں کا دورہ کریگا۔ کمیشن کا اجلاس جسٹس ثاقب نثار کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ممبر پرویز شوکت کا کہنا تھا کہ کمیشن نے آج سلیم شہزاد کی لاش کا منڈی بہاوالدین اور پمز اسلام آباد میں پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹرز اور دوصحافیوں کے بیان قلم بند کیے ہیں، کمیشن کو باضابطہ طور پر سلیم شہزاد کے موبائیل کا ریکارڈز مل چکا ہے لیکن لیپ ٹاپ اور پاس ورڈ نہ ملنے کے باعث ای میل ریکارڈز حاصل کرنے میں مشکلات درپیش ہیں۔ انہوں نے بتایا کی اب تک نو صحافیوں نے کمیشن کو اپنا تحریری اور زبانی بیان قلمبند کرایا ہے ۔انہوں نے بتایا کی کمیشن تحقیقات کے لیے سلیم شہزاد کے بیوی کا بیان ریکارڈ کرنا بھی ضروری ہے۔کمیشن کا آئندہ اجلاس لاہور میں ہو گا۔