لاہور : وفاقی وزیر امور کشمیر و بلتستان میاں منظور وٹو نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرانے کے لئے فوج طلب کرنے کی خواہش کرنے والوں کو مایوسی ہوگی۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ فوج جمہوری حکومت کے معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی، آزاد کشمیر میں 20 ہزار میگاواٹ اور گلگت بلتستان میں 40 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی گنجائش موجود ہے، ڈیڑھ سال میں پندرہ ہزار میگاواٹ کے منصوبوں پر کام شروع کرنے کے لئے چیلنج لینے کو تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مقبوضہ کشمیر سے بہتر صحت، تعلیم اور سڑکوں کی سہولیات دینا چاہتے ہیں۔ڈاکٹر غلام نبی فائی سے ہونے والی بدسلوکی پر پاکستان امریکی حکومت سے احتجاج کر چکا ہے۔