اسلام آباد : مسلم لیگ نوا ز کے ڈپٹی سیکر ٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ عدلیہ کے فیصلو ں کی حکم عدولی کر کے نیا بحران کھڑا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اگر حکومت آ ئین و قانون کی دھجیاں بکھیرے گی اور عدلیہ کے ساتھ محاذ آ رائی کرے گی تو پاکستانی قوم برداشت نہیں کرے گی۔ اسلام آ باد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ احتساب کے عمل کو روکنے کے لئے حکومت غیر قانونی ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے اور اپنی کرپشن چھپانے کے لئے احتساب کے اداروں کو ایک ایک کر کے غیر فعال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیلانی زرداری حکومت احتساب سے خو ف زدہ ہے اوراپنی کرپشن کو چھپانے کے لئے بیوروکریسی کو ڈھال بنا یا جا رہا ہے۔ مسلم لیگ ن حکومت کی کرپشن اور غیر آ ئینی ہتھکنڈوں کے آ گے دیوار چین بن کر کھڑی ہو گی۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ قوم کا بچہ بچہ جانتا ہے کہ موجودہ حکومت عوامی مینڈیٹ سے نہیں این آ ر وا کے زریعے اقتدار میں آ ئی ہے اگلا الیکشن زرداری کے کارناموں پر ریفرنڈم ہو گا۔