کراچی میں دہشت گردی کے واقعات بدستور جاری ہیں آج صبح فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں مزید پانچ افراد کو قتل کردیا گیا چوبیس گھنٹے کے دوران دہشتگردی کے نتیجے میں چودہ افراد زندگی سے محروم ہوگئے۔ مقتولین کے گھروں میں صف ماتم برپا ہے۔ آج صبح پاک کالونی میں واقع بسم اللہ ہوٹل کے قریب کوسٹر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ڈرائیور اور کنڈیکٹر موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پکنک کیلئے کوسٹر بکنگ کی گئی تھی ۔ شاہ فیصل کالونی میں ندی کے قریب نامعلوم افراد نے دو افراد کو اغوا کے بعد تشدد اور فائرنگ کرکے ہلاک کردیا مقتولین کی شناخت نہ ہو سکی۔ گلستان جوہر میں صفورہ چورنگی کے قریب نامعلوم افراد نے کار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے دیگر واقعات میں نو افراد ہلاک ہوئے۔ کراچی میں بدامنی کے باعث کاروباری زندگی بری طرح متاثر ہورہا ہے اور روزانہ اجرت پر کام کرنے والے معاشی تنگدستی کا شکار ہیں۔