راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ملک اکرم اعوان نے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان سمیت 31 ملزمان کی فرار کیس میں درخواست ضمانت منظور کرلی اور ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ اسلام آباد کے تھانہ شالیمار میں درج انجم عقیل خان فرار کیس میں گرفتار 31 ملزمان کی جانب سے درخواست ضمانت پر ایڈوکیٹ شوکت عزیز صدیقی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ انجم عقیل فرار نہیں ہوئے تھے بلکہ انھیں زبر دستی ایک گاڑی میں لیجایا گیا جبکہ اس موقع پر فائرنگ کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا اور نہ ہی کوئی پولیس اہلکار زخمی ہوا۔ انہوں نے اپنے دلائل میں کہا کہ درج مقدمہ سیاسی انتقام اور شعبدہ بازی ہے اور اس کیس میں اس کے موکلین بے گناہ ہے ۔عدالت نے فاضل وکیل کے دلائل سے اتفاق کر تے ہوئے درخواست ضمانت منظور کرلی اور انھیں ایک ایک لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ مقدمہ کی آئندہ سماعت 17ا گست کو ہو گی۔