اسلام آباد : وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ قائد اعظم اور علامہ اقبال کے وژن کے مطابق ملک کے استحکا م کے لئے کا م کر رہے ہیں، قوم متفق ہو تب ہی مسائل حل ہو سکتے ہیں، قیام پاکستان جمہوری جدو جہد کی بہترین مثال ہے اور ملک کے تمام مسائل کا حل جمہوریت میں پو شیدہ ہے۔ کنونشن سینٹر اسلام آباد میں یو م آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ تعلقات اہمیت کے حامل ہیں لیکن کسی کی بالادستی قبو ل نہیں کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا پاکستان افغانستان کہ آزاد اور مستحکم دیکھنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے اور پاکستان تمام ممالک برابری کے تعلقات چاہتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم دوسرے ممالک کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتے اور ان سے بھی یہی توقع رکھتے ہیں، پاکستان پر دہشت گردی اور انتہا پسندی کے الزامات بے بنیاد ہیں کیونکہ پاکستان خود اس کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے قوم متحدہے اور دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کر کے دم لیں گے، حکومت پارلیمنٹ کی بالادستی، عدلیہ کی آزادی اور جمہوری اداروں کے آئینی اختیارات پر یقین رکھتی ہے اور عدلیہ کے فیصلوں پر عمل درآمد کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی ترقی کے لئے مشکل فیصلے کرنے پڑے اور زرمبادلہ کے ذخائر اٹھارہ ارب تک پہنچ چکے ہیں۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسلے کا قومی قیادت کی مشاورت سے مستقل حل تلاش کیا جائے گا جبکہ بلوچستان کے رہنماوں سے رابطے ہیں اور تمام مسائل متفقہ لائحہ عمل سے حل کئے جائیں گے۔اس سے قبل وزیر اعظم نے پرچم کشائی کر کے یو آزادی کی تقریبات کا آغاز کیا۔یوم آزادی کے احترام میں سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ طلباو طالبات نے ملی نغمے اور ٹیبلو بھی پیش کئے۔تقریب میں وزرا،اراکین پارلیمنٹ ، سروسز چیفس اورغیر ملکی سفیروں کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد سے شرکت کی۔