لندن : برطانیہ کے نائب وزیراعظم نک کلیگ نے لندن فسادات کی تحیقیقات کیلئے آزاد پینل کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوٹ مار کرنے والوں کو جیل بھیجنے کے بجائے نذرآتش کی گئی دکانوں کی صفائی اور کمیونٹی سروس کرائی جائیگی۔ لندن میں پریس کانفرنس کے دوران برطانیہ کے نائب وزیراعطم نک کلیگ نے کہاکہ حالیہ فسادات اور لوٹ مار کے واقعات پر انہیں افسوس ہے۔ بلوایوں کو ہرگز معاف نہیں کیا جائیگا۔ ان سے نذرآتش کی گئی دکانوں، املاک اور دیگر عمارتوں کی صفائی کرائی جائیگی ، اور متاثرین کو معاوضہ دیا جائیگا۔ لندن میں لوٹ مار کے واقعات کیوں ہوئے۔ اس کی تحقیقات خود مختار اور آزاد پینل سے کرائی جائیگی۔ کلیک نے کہاکہ پینل جلد تشکیل دیا جائیگا۔ اور وہ چھ سے نو ماہ میں اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کریگا۔