بھارت میں کرپشن کے خلاف جدوجہد کرنے والے سماجی رہنما انا ہزارے کے چھٹے روز بھی بھوک ہڑتال جاری، کرپشن کے خاتمے کیلئے انا اور حکومت کے الگ الگ بلز پارلیمنٹ میں پیش کردئیے گئے۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق انا ہزارے نے پانچویں رات بھی نئی دہلی کے رام لیلا میدان میں گزاری اور بھوک ہڑتال جاری رکھی۔ ادھر کانگریس کی جانب سے کرپشن کے خاتمے کیلئے اپنا بل پیش کردیا گیاہے۔ جبکہ سول سوسائٹی کی رہنما ارونا رائے نے ایک اور بل پارلیمنٹ پینل میں پیش کیا جس میں انا کی ٹیم نے حمایت کی ہے۔ اس طرح کرپشن کے خاتمے کیلئے حکومت اور انا کے پارلیمنٹ میں پیش کردہ بل میں دس نکات مختلف ہیں جن میں اہم وزیراعظم، پارلیمنٹ اورعدالتوں کے ججز کو احتساب کے دائرے میں لانا ہے۔ انا کا کہنا ہے کہ تیس اگست تک پارلیمنٹ سے بل پاس ہونا چاہیئے جبکہ بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ کہتے ہیں کہ تیس اگست تک پارلیمنٹ سے بل کا پاس ہونا ناممکن ہے۔ مسلسل بھوک ہڑتال کے باعث انا کی حالت بگڑ رہی ہے۔ اور اب تک ان کا کئی کلوگرام وزن کم ہوگیاہے۔ ٹیم انا کا کہناہے کہ انا اس وقت تک بھوک ہڑتال جاری رکھیں گے جب تک ان کی صحت اجازت دیگی۔ چھتیس ڈاکٹر انا کا میڈیل چیک اپ کررہے ہیں۔