کراچی میں فائرنگ او پرتشدد واقعات میں ہلاک ہونیوالوں کی تعداد گیارہ ہوگئی ہے جس میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب اولڈسٹی ایریا سمیت شہرکے دیگر علاقوں میں زندگی معمول پر آرہی ہے ۔تاہم شہری خوف کا شکار ہیں۔ محمود آباد چنیسر گوٹھ میں منشیات فروش اشوک اور لاسی گروہوں میں تصادم کے باعث فائرنگ سے دو بچے بارہ سالہ ذیشان اور دس سالہ شہریار ہلاک اور آٹھ سالہ رحمان زخمی ہوئے۔ اورنگی ٹاون ایم پی آر کالونی سے دو نوجوانوں فیصل اور ذیشان کی ہاتھ پاوں بندھی لاشیں ملیں جو گھر سے دودھ لینے نکلے تھے جس کے بعد انہیں اغوا کر لیا گیا۔ مبینہ ٹاون کی حدود یونیورسٹی روڈ پر فائرنگ سے فہیم اللہ ہلاک جبکہ مہربان علی زخمی ہوا، پاک کالونی کے علاقے مین لیاری ندی سے ہاتھ پاوں بندھی نامعلوم شخص کی لاش ملی، مچھر کالونی میں لیاری ندی سے نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی جبکہ سپر مارکیٹ تین ہٹی کے نیچے سے تشدد زدہ نامعلوم شخص کی لاش ملی ، قطر موڑ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ گولیمار میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔