کراچی پر چھائے دہشت گردی کے بادل اور گہرے ہوتے جا رہے ہیں بدامنی ،دہشت گردی اور قتل و غارت گری کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے پرامن یوم سوگ منایا جا رہا ہے ۔دوسری جانب گزشتہ رات سے اب تک فائرنگ کر کے چار افراد کو ہلاک کیا جا چکاہے جبکہ گزشتہ روز تک مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 13 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ پرانی سبزی منڈی کے قریب شرپسندوں نے ایک کار پر فائرنگ کردی جس سے ایک شخص چل بسا، جہانگیر روڈ نمبر دو پر پیٹرول پمپ کے قریب نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ اس سے پہلے پٹیل پاڑہ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بیس سالہ جنید جاں بحق ہوگیا۔ واقعے کیخلاف علاقے کے لوگوں کی طرف سے شدید احتجاج کیا گیا۔ مشتعل افراد نے ٹائر نذر آتش کرکے سڑک بلاک کردی۔ کیماڑی میں ایک شخص کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا۔ کورنگی میں بھی ایک شخص کو ہلاک کیا گیا۔ پی آئی بی کالونی کے علاقے نفیس آباد سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی ہے جبکہ گارڈن میں واٹر بورڈ کے دفتر میں مسلح افراد کی فائرنگ سے چار افراد جاں بحق ہو گئے۔