اسلام آباد: وفاقی پولیس نے جمع الوداع کے موقع پر شہر میں دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک دہشت گرد کو پانچ ساتھیوں سمیت گرفتار کر کے خودکش جیکٹ اور دستی بم برآمد کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان وزرات خزانہ کے ایک نائب قاصد سردار علی خان خٹک کے گھر سیکٹر جی سکس ون ون میں قیام پذیر تھے۔ چھاپے میں ملزمان سے خود کش جیکٹ، دستی بم، پستول، گولیاں اور غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی۔ سردار خان کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ گذشتہ دو سال سے ملازمت سے چھٹی پر ہے اور پشاور میں روپوش ہے۔ ذرائع کے مطابق اسے پشاور سے خود کش بمبار لانے پر معمور کیا گیا تھا۔ سردار خان کی دو بیویاں اور آٹھ بچے ہیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز سپریم کورٹ کے احاطے سے ذرائع کو ملنے والے دھمکی آمیز خط کے بعد اسلام آباد میں قانون نافذ کرنے والے ادارے سرگرمی سے حرکت میں آگئے تھے اور یہ گرفتاریاں اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ مزید یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دہشت گرد جمع الوداع کے موقع پر وفاقی دارلحکومت میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی کرنا چاہتے تھے۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔