لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کے پچیانوے فیصد پر باغیوں نے قبضہ کرلیا ہے جبکہ دیگر شہروں کیکنٹرول کیلئے لڑائی جاری ہے، ادھر عرب لیگ نے باغیوں کو تسلیم کرتے ہوئے قذافی حکومت کے منجمند اثاثے عبوری کونسل کو دینے کی اپیل کی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عرب لیگ کے وزرا خارجہ نے مصری دارالحکومت قاہرہ میں علی الصبح ہونے والے اجلاس میں قذافی حکومت کے منجمد اثاثے باغیوں کو جاری کرنے کے ساتھ اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ یو این میں لیبیا کی سیٹ باغیوں کو دی جائے۔ تاکہ عبوری کونسل کو لیبیا کی قانونی حکومت تسلیم کیا جاسکے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دو وفد لیبیا اور شام بھیجے جائینگے جو ان ممالک کے مسائل حل کرنے میں مدد دینگے۔ادھر طرابلس کے اکثر حصے کے بعد باغیوں کی کونسل نے شہر میں اپنا کام شروع کردیاہے۔ اسپتالوں اور گلیوں سے لاشیں ہٹائی اور صفائی کی جارہی ہے۔ بن جواد میں قبضے کیبعد باغی قذافی کے آبائی گاں سرت پر قبضے کی کوشش کررہے ہیں۔ توقع ہے کہ باغی دیگر شہروں کی طرح اس کو فتح کرلیں گے۔