ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے انکشافات نے پاکستانی سیاست میں جو طوفان اٹھایا ہے وہ جلد تھمتا نظر نہیں آتا۔ تاہم اس منظر نامے کا سب سے حیران کن پہلو یہ ہے کہ ڈاکٹر مرزا نے جتنی شدو مد سے یہ الزامات عائد کیے، الزامات کا نشانہ بننے والے والوں کی جانب سے اتنا ہی کمزور ردِ عمل ظاہر کیا گیا۔ سندھ کے سابق وزیرِ داخلہ نے اپنی پریس کانفرنس میں وفاقی وزیرِداخلہ رحمن ملک کو آڑے ہاتھوں لیا اور انہیں پیدائشی جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان کو کوئی نقصان ہوا تو وہ رحمن ملک سے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ رحمن ملک ٹارگٹ کلرز کا ساتھی اور قاتلوں سے ملا ہوا ہے جس کے تمام ثبوت بقول ڈاکٹر مرزا کے ان کے پاس موجود ہیں۔