پاکستان اور بھارت کے درمیان انیس سو پینسٹھ کی جنگ میں پاک فضائیہ کے شاہینوں کی دلیرانہ کارکردگی اور پاک فضائیہ کی برتری کی یاد میں آج یوم فضائیہ منایا جا رہا ہے۔ پاک بھارت جنگ میں پاک فضائیہ کے جانبازوں نے جرات اور بہادری کی مثالیں قائم کیں اور وطن عزیز کا دفاع کیا۔ جانباز پائلٹ اسکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم نے ایک جھڑپ میں چند منٹ کے دوران بھارت کے چار طیارے مار گرائے۔جنگ میں پاکستان فضائیہ نے بھارتی ایئر فورس کے ایک سوچار طیارے تباہ کیے جبکہ پاکستان کو انیس طیاروں کا نقصان ہوا۔ اس طرح لاہور میں ناشتہ کرنے کے عزائم لیکر میدان جنگ میں اترنے والی بھارتی افواج کو پاک فضائیہ کے شاہینوں نے ناکوں چنے چبوادئے۔ پینسٹھ کی جنگ میں سیالکوٹ کے قریب چونڈہ کا مقام بھارتی افواج کیلئے ٹینکوں کا قبرستان بنا اور پاک فضائیہ نے مجموعی طور پر بھارتی جارحیت کے عزائم خاک میں ملادیے۔ سات ستمبر کے معرکے کی یاد میں آج یوم فضائیہ منایا جا رہا ہے۔