الطاف حسین نے کہا کہ ملک توڑنے اور انہیں قتل کرنے کی سازش کی جارہی ہے کراچی ملک توڑنے کی سازش میں رکاوٹ ہے، نواز شریف انکے بھائی اور آصف زرداری اچھے انسان ہیں، ذوالفقار مرزا کی باتوں کا جواب دیا ہے نہ دیں گے۔ الطاف حسین نے ملک کی تقسیم کا نقشہ دکھاتے ہوئے کہا کہ خفیہ نقشے میں فری بلوچستان دکھایا گیا ہے، پنجاب سمیت آدھا پاکستان افغانستان میں شامل ہے اور ہرات کو ایران کا حصہ بتایا گیا ہے۔ یہ نقشہ انکا بنایا ہوا نہیں ہے۔ الطاف حسین نے کہا کہ انہیں قتل کیا جا سکتا ہے ،کیوں کہ وہ ملک توڑنے کے نقشے کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے پاکستان سے دو افراد کو بلایا ہے ،حلف لے کروکلا کے سامنے وصیت پر دستخط کردیں گے انہیں قتل کردیا جائے تو وصیت میں درج ہدایات پر عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر بش نے نائن الیون کے بعد پاکستان کو پتھر کے دور میں پہنچانے کی دھمکی دی تھی پرویز مشرف بزدل آدمی تھا جو بزدل کے سامنے جھک گیا۔ پاک فوج امریکا اور برطانیہ سے نہ ڈرے جو کرنا ہے کرے وہ پاکستان بچانے کیلئے بلامعاوضہ ایم کیوایم کو فوج کے حوالے کرتے ہیں۔ الطاف حسین کو اسٹیبلشمنٹ کا ایجنٹ کہنے والے رات کی تاریکی میں خود جرنیلوں سے ملتے ہیں۔ الطاف حسین نے نواز لیگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ حقائق کوئی مائی کا لال نہیں بتائے گا۔ انہوں نے سوال کیا کہ نواز شریف کے دور میں کیا دودھ کی نہریں بہتی تھیں وہ الو کیوں بناتے ہیں کیا نواز شریف کے دور میں کرپشن نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ کہتے ہیں کراچی میں تین پارٹیوں کے پاس بڑا اسلحہ ہے اور قبضہ جمانے کے لئے لڑائی کررہی ہیں انہیں پتہ ہونا چاہیئے ۔مسلم لیگ نون کے پاس بھی جی تھری کلاشنکوف پستول جیسا اسلحہ موجود ہے۔ الطاف حسین نے کہا کہ انہوں نے کارکنوں کو ذوالفقار مرزا کے الزامات کا جواب دینے سے روکا تھا انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ اینکرپرسنز سے اختلاف کریں مگرآجوج ماجوج نہ کہیں۔ الطاف حسین نے کہا کہ وہ سندھ کے بیٹے ہیں اور اردو بولنے والے سندھی ہیں اگر سندھ کی حفاظت کیلیے جان بھی دینی پڑی تو دیں گے۔