مسلم لیگ ن کے سربراہ محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ سب جانتے ہیں کہ کراچی کے حالات خراب کرنے کا ذمہ دار کون ہے، کراچی کے حالات خراب کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن ہونا چاہئے۔ سرکٹ ہاس حیدرآباد میں میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ گذشتہ دو تین ہفتوں سے جس طرح کی سیاست ہورہی ہے اس پر ہنسی آتی ہے اور دل پریشان بھی ہوتا ہے، یہ تماشا پوری پاکستانی عوام دیکھ رہی ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ کراچی کے حوالے سے عدلیہ کا کردار بہت مثبت ہے، امید ہے عدلیہ کے ذریعے کراچی کے معاملات کسی نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں جو کچھ ہورہا ہے اسے منظر عام پر آنا چاہئے، عوام جاننا چاہتے ہیں کہ کون مجرم اور کون معصوم ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ الطاف حسین کی جانب سے ہتھیاروں والے الزام پر ہنسی آتی ہے، وہ سوچ سمجھ کر ٹھیک ٹھاک الزام لگاتے تاکہ لوگوں کو ہنسی نہ آتی۔ مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ سندھ میں بارش کے متاثرین کا حال برا ہے، حکومت کو پوری توجہ متاثرین کی بحالی پر وقف کردینا چاہئے جبکہ حکومت پنجاب بھی اس معاملے پر کندھے سے کندھا ملا کر چلے گی۔