کابل : افغانستان میں طالبان نے خودکش حملہ کرکے 50 امریکی فوجیوں سمیت 89 افراد کو زخمی کردیا۔ تشدد کے دیگر واقعات میں ایک اتحادی فوجی سمیت سات افراد ہلاک ہوگئے۔ امریکی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ خودکش بمبار نے دھماکا خیز مواد سے بھرے ٹرک کے ساتھ وسطی افغانستان میں نیٹو کی ایک ایڈوانس جنگی پوسٹ پر حملہ کیا ۔ دھماکے میں 89 افراد زخمی ہوئے جن میں 50 امریکی فوجی بھی شامل ہیں۔ طالبان نے خودکش حملے کی ذمے داری قبول کرلی ہے۔ ادھر پکتیکا صوبے کے ضلع برمل میں ایک گاڑی سڑک کے کنارے نصب بم سے ٹکراگئی۔ حکام کے مطابق دھماکے میں چھ افراد مارے گئے۔ ادھر مشرقی افغانستان میں جنگجووں نے حملہ کرکے ایک اتحادی فوجی کو ہلاک کردیا۔ نیٹو نے ہلاکت کی تصدیق کی ہے تاہم حملے کی تفصیل نہیں بتائی۔