پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 3300 تک جا پہنچی

dengue

dengue

حکومت پنجاب نے ڈینگی کی روک تھام کے لئے سری لنکا سے مدد مانگ لی ہے جبکہ لاہور میں سیکرٹری معدنیات پنجاب سمیت 17افراد مرض کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار گئے۔
ترجمان حکومت پنجاب کے مطابق وزیراعلی کی درخواست پر سری لنکن صدر کی جانب سے اگلے دو روز میں وبائی امراض کی روک تھام کے لئے طبی ماہرین کی ٹیم پنجاب بھجوائی جارہی ہیجو ڈینگی کی وبا پر قابو پانے میں حکومت پنجاب کی حالیہ کوششوں میں مدد دے گی۔
دوسری جانب پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 3300 تک جاپہنچی ہے جن میں صرف لاہور سے3040ڈینگی کے مریض سامنے آئے ہیں۔لاہور کے مختلف ہسپتالوں میں روزانہ ایک ہزار سے زائد مریض ڈینگی بخار کے ٹیسٹ کے لئے آتے ہیں ان میں 400 سے زائد مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوتی ہے۔
حکومت پنجاب کی جانب سے ڈینگی آگاہی پروگرام شروع کر دیا گیا ہے لیکن ابھی تک مچھر مار سپرے میں ناقص ادویات کے استعمال کی تفتیشی رپورٹ سامنے نہیں آئی ہے۔ ناقص سپرے کی وجہ سے لاہور میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے دوسر ی جانب کنٹونمنٹ کے علاقے میں فوج نے ہنگامی بنیادوں پر ڈینگی بخار کے علاج کے لئے کیمپ لگا دیئے ہیں اور مفت علاج شروع کر دیا ہے۔