ایک ایسے وقت جب امریکہ 9/11 واقعے کی دسویں برسی منا رہا ہے اور دہشت گردی مخالف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے، بھارتی تفتیشی ایجنسیوں نے دہلی ہائی کورٹ میں ہونے والے بم دھماکے کی تحقیقات میں امریکہ اور دیگر جنوب ایشیائی ملکوں سے مدد مانگی ہے۔جانچ ایجنسیوں نے مذکورہ ملکوں کی خفیہ ایجنسیوں سے پوچھا ہے کہ کیا ان کی گرفت میں کوئی ایسا اشارہ آیا ہے یا بات چیت پکڑی گئی ہے جِس سے بم دھماکے کے بارے میں کوئی سراغ مل سکے۔متعدد میڈیا رپورٹوں کے مطابق بھارت کی خفیہ ایجنسیاں غیر ملکی ایجنسیوں ، بالخصوص امریکی خفیہ ایجنسیوں، سے رابطے میں ہیں تاکہ دھماکے سے متعلق کوئی اطلاع مل سکے۔غیر ملکی خفیہ ایجنسیوں سے ملنے والی اطلاعات کا مقصد یہ معلوم کرنا ہے کہ کہیں یہ دھماکہ کسی ایسے اندرونِ ملک گروپ نے تو نہیں کیا، جِس کا تعلق غیر ممالک سے ہو۔خفیہ ایجنسیاں ان اِی میل پیغامات کے بارے میں معلومات کے لیے بھی غیر ملکی ایجنسیوں سے مدد لے رہی ہیں جِن میں دھماکے کی ذمے داری قبول کی گئے ہے۔یاد رہے کہ اب تک تین اِی میل پیغامات میں جو مبینہ طورپر حرکت الجہادِ اسلامی اور انڈین مجاہدین کی طرف سیبھیجے گئے ہیں، ذمہ داری قبول کی گئی ہے۔اِس دھماکے میں 13لوگ ہلاک ہوئے تھے۔ مرکزی وزیرِ داخلہ پی چدم برم جمعے کے روز ایک بیان میں کہہ چکے ہیں کہ دہلی ہائی کورٹ میں ہونے والے بم دھماکے کے معاملے کو سلجھانے کے لیے دیگر ملکوں کی ایجنسیوں سے رابطہ قائم کیا گیا ہے۔