ایک مغربی بھارتی ریاست کے حکام نے انکشاف کیا ہے کہ تھیلیسیما کے مرض کا شکار کم از کم 23 بچے خون کی تبدیلی کے عمل کے دوران ایڈز کا شکار ہوگئے ہیں۔حکام کے مطابق یہ بچے تھیلیسیما مرض کا شکار ان 100 بچوں میں شامل تھے جنہیں جونا گڑھ کے سول اسپتال میں خون کی تبدیلی کے معمول کے عمل سے گزارا گیا تھا جو کہ حکام کے مطابق ایڈز زدہ تھا۔ریاست گجرات کے وزیرِ صحت جے نارائن ویاس کے مطابق طبی عملے کی ایک ٹیم کو واقعے کی تحقیقات کے لیے اسپتال روانہ کردیا گیا ہے۔امریکی خبر رساں ایجنسی ‘دی ایسوسی ایٹڈ پریس’ کا کہنا ہے کہ تمام متاثرہ بچوں کا تعلق غریب گھرانوں سے ہے۔واضح رہے کہ تھیلیسیما خون کی جینیاتی طور پر منتقل ہونے والی ایک بیماری ہے جس کے باعث انسانی جسم میں تیار ہونے والے ہیمو گلوبین کی مقدار میں کمی آجاتی ہے جسے دور کرنے کے لیے مریض کو وقفے وقفے سے خون کی تبدیلی کے عمل سے گزرنا پڑتا ہے۔