پنجاب میں ڈینگی بخار وباء کی صورت اختیار کر گیا آج صبح لاہور کے علاقے ٹاؤن شپ میں ایک اور بچے کی ہلاکت کے بعد ڈینگی بخار سے جاں بحق افراد کی تعداد اکیس ہو گئی ہے۔ پنجاب میں ڈینگی وائرس کے شکار مریضوں کی تعداد چار ہزار تین سو ستائیس ہوگئی ہے جبکہ محکمہ صحت کے مطابق صرف لاہو رمیں ہی تین ہزار نو سو اٹھائیس مریض ڈینگی بخار میں مبتلا ہوئے ہیں ۔ ڈینگی بخار کے باعث لاہور کے تعلیمی ادارے آج سے دس روز کیلئے بند کردیئے گئے ہیں۔ ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے 24 گھنٹے کے اندر لاہور میں ڈینگی وائرس کی تشخیص کے لئے 20 مزید لیبارٹریز قائم کرنے کے احکامات جاری کر دئیے۔