مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ کراچی کا امن مفاد پرستوں نے جان بوجھ کر خراب کیا۔ چند جماعتوں کے سوا سب جماعتیں کراچی کا امن تباہ کررہی ہیں۔ پشاور میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں کرتے ہوئے میاں محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک بحرانوں کی زد میں ہے اور آج لوگ پاکستان کے مستقبل کے حوالے سے پریشان ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی تقدیر بدلنے کے لیے لانگ مارچ کی طرز پر انقلابی فیصلوں سے دریغ نہیں کرینگے اور جس طرح ملک چلایا جارہا ہے وہ ٹھیک نہیں ہے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ اگر حکومت قومی دولت کا درست استعمال کریگی تو پھر اسے بیرونی دنیا سے بھیک نہیں مانگنی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آکر ملک کو توانائی کے بحران سے نکالنا ان کی اولین ترجیح ہو گی۔