ہرارے : پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے دورہ زمبابوے میں ٹیم کی کارکردگی پراطمینان کا اظہارکیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ خوشی ہے کہ ہرپلیئرنے ٹیم کیلئے پرفارم کیا۔ پاکستان نے زمبابوے کو واحد ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریزمیں وائٹ واش کیا۔ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہناہے کہ وہ زمبابوے جو ٹارگٹ لے کر آئے تھے وہ پورا ہوگیا۔ زمبابوے کیخلاف کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے خاص طورپرآخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں بالنگ اورفیلڈنگ شاندار رہی۔ کپتان نے محمد حفیظ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پوری سیریزمیں پاکستان کا ٹرمپ کارڈ ثابت ہوئے۔ حفیظ نے نہ صرف بیٹنگ بلکہ بالنگ میں بھی اپنا جادودکھایا۔ حفیظ نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریزمیں سب سے زیادہ رنز اسکورکئے جس میں ایک سنچری اور دو نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ دوٹی ٹوئنٹی میچزمیں حفیظ کی وکٹوں کی تعداد سات ہے۔ مصباح نے اعتراف کیا کہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں زمبابوین بیٹسمینوں نے پاکستان ٹیم پردبا ڈال دیا تھا اوروہ ٹارگٹ کے کافی قریب پہنچ گئے تھے۔