لاہور : آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے دیگر حصوں میں موسم خشک رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹے میں بالائی پنجاب،بالائی خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی،سب سے زیادہ بارش پارہ چنار میں سینتالیس ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ اسلام آباد میں اکتیس، دیر اٹھارہ، جہلم سولہ، رسالپورپندرہ، کاکول اور چراٹ میں دس جبکہ راولپنڈی میں نو ملی میٹر بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ کاشتکاروں کیلئے اطلاع ہے کہ کاشت کے زیادہ تر علاقوں میں آئندہ چند روز تک موسم خشک رہے گا۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں انتالیس ڈگری سنیٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔