لاہور : ڈینگی، جاں بحق افراد کی تعداد سات ہو گئی

Dengue

Dengue

لاہور میں ڈینگی سے متاثرہ مزید تین افراد دم توڑ گئے منگل کو جاں بحق افراد کی تعداد سات ہوگئی۔ لاہور کے جنرل ہسپتال میں کینٹ کی رہائشی چالیس سالہ پروین،غازی روڈ کا پچیس سالہ مبارک اور کوٹ لکھپت کا پینتیس سالہ محمد صوبہ دم توڑ گئے، چوبیس گھنٹوں میں دیگر جاں بحق ہونے والوں میں جاوید اقبال اور خلیل میو ہسپتال جبکہ چونتیس سالہ جاوید اور بائیس سالہ مقدس جناح ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ ہسپتال میں نئے مریضوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
پنجاب میں گیارہ سو نئے مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں سے نو سو چوہتر کا تعلق لاہور سے ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈینگی وائرس پر کنٹرول کرنے کیلئے وقت درکار ہے۔سری لنکن ماہرین نے لاہور شہر کے مختلف ہسپتالوں کا دورہ کیا۔ چلڈرن ہسپتال میں چوالیس بچے ڈینگی وائرس میں مبتلا پائے گئے، جنہیں دی جانے والی سہولیات سری لنکا کے ماہرین کی تجاویز کی روشنی میں اپ گریڈ کی جائیں گی۔
ٹیم نے ڈی جی ہیلتھ کے آفس کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں صوبے بھر کے ہسپتالوں میں مریضوں کے اعداد وشمار، طریقہ کار اور سہولیات سے آگاہ کیا گیا۔ مچھر تلف کرنے کے لئے ایک سو فوگر مشینیں لاہور پہنچ گئیں، جنہیں ضلعی حکومت کے حوالے کر دیا جائے گا۔