لاہور میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ڈینگی وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد سترہ ہوگئی۔ مزید چار سو تینتالیس افراد میں ڈینگی کی تشخیص ہوئی ہے،مریضوں کو پلیٹ لیٹس کی سخت کمی کا سامنا ہے اور لواحقین میڈیا کے ذریعے خون کے عطیہ کی اپیل کر رہے ہیں۔ پنجاب میں مزید چار سو تینتالیس افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے،جن میں سے تین سو ترانوے کا تعلق لاہور سے ہے۔ہسپتالوں میں مریضوں کے رش کے باعث سہولیات کا فقدان ہے۔ ٹیسٹوں کے لیے ہسپتالوں میں لمبی قطاریں لگی ہیں جبکہ لوگوں کو پلیٹ لیٹس کے حصول میں بھی دشواری کا سامنا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ہسپتال انتظامیہ کا رویہ مریضوں کے لواحقین سے ہتک آمیز ہے جبکہ صفائی کے انتظامات بھی ناقص ہیں۔