اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین پر کسی قسم کی غیر ملکی مداخلت برداشت نہیں کرے گا۔ برطانوی خبر ایجنسی کو انٹرویو میں رحمان ملک نے آئی ایس آئی کے حقانی نیٹ ورک سے رابطوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے پاس کسی قسم کی اطلاعات ہیں تو پاکستان کے ساتھ تبادلہ کرے۔ پاکستانی فورسز کارروائی کریں گی امریکا نے خود کوئی کارروائی کی تو برداشت نہیں کی جائے گی۔رحمان ملک نے کابل بم دھماکوں میں آئی ایس آئی کے ملوث ہونے کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایسی کسی کارروائی پر یقین نہیں رکھتا۔ رحمان ملک نے کہا کہ پاکستان دہشتگری کیخلاف جنگ میں امریکا سے ہرقسم کا تعاون کررہا ہے، امریکا کو بھی پاکستان کی خود مختاری کا احترام کرنا چاہیئے۔ پاکستان خود دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک مشترکہ دشمن کیخلاف لڑرہے ہیں لیکن مشترکہ حکمت عملی نہ ہونے سے دہشتگردوں کو فائدہ ہورہا ہے۔رحمان ملک نے کہا کہ پاکستان خود دہشتگردی کا شکار ہے ، اور ہمیں ہر روز نائن الیون کا سامنا ہے۔