دہشت گردی کیخلاف گلوبل کانٹر ٹیرر ازم فورم قائم کردیا گیا ہے۔ انیتس ملکوں اور یورپی یونین نے ملکر دہشگردی کیخلاف کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ گلوبل ٹیرر ازم فورم امریکہ کی طرف سے قائم کیا گیا ہے۔ نیویارک میں اس کا باقاعدہ آغاز کیا گیا، جس میں پاکستان سے وزیرخارجہ حنا ربانی کھر نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان خود دہشتگردی کا شکار ہے۔ گیارہ ستمبر کے حملوں سے پہلے پاکستان میں صرف ایک خودکش حملہ ہوا تھا لیکن اس کے بعد گذشتہ دس سال میں پینتیس ہزار پاکستانی ہلاک ہوچکے ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کا کہنا تھا کہ اس فورم کا ایک مقصد دہشتگردی کیخلاف عالمی ڈھانچہ تشکیل دینا اور انتہاپسندی کو پھیلنے سے روکنا ہے۔ اس فورم سے دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کیلئے عالمی ماہرین اور پالیسی سازوں کو ملکر کام کرنے کا موقع ملے گا۔