حقانی گروپ سے متعلق الزامات حقائق کے منافی ہیں

kayani

kayani

آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے امریکا کی جانب سے آئی ایس آئی اور حقانی گروپ کے درمیان تعلقات کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں حقائق کے منافی قرار دیا ، آرمی چیف کا کہنا ہے کہ حقانی گروپ سے تعلقات صرف پاکستان ہی کہ نہیں بلکہ دیگر بہت سے ممالک کے بھی ہیں جو طالبان سے مذاکرات کیلئے کوشاں ہیں۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیہ کے مطابق امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس آ ف اسٹاف ایڈمرل مائیک مولن اور پینٹا گون کی جانب سے پاکستانی قیادت اورخفیہ ایجنسی آئی ایس آئی پر حقانی گروپ سے تعلقات کے مسلسل الزامات کے جواب میں جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ اس طرح کی الزام تراشی سے دونوں ممالک کے تعلقات اور دہشت گردی کے خلاف جنگ پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
جنرل کیانی نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بین الاقوامی برادری سے کیے گئے وعدوں کی پاسداری کے لئے پرعزم ہے ، مائیک مولن سے اسپین میں ہونے والی حالیہ بات چیت تعمیری نوعیت کی تھی تاہم اچانک اس طرح کی الزام تراشی بدقسمتی ہے اور اس کے خوفناک نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مائیک مولن اچھی طرح جانتے ہیں کہ کون کون سے ممالک طالبان سے مذاکرات کیلئے حقانی گروپ سے رابطے میں ہیں ، صرف پاکستان پر الزام تراشی درست نہیں۔