میکسیکو کی پولیس نے ساحلی شہر ویرا کروز سے مزید 11 افراد کی نعشیں برآمد کرلیں جنہیں تشدد کرکے قتل کیا گیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نعشیں شہر کے تین مختلف مقامات سے برآمد ہوئیں۔ پراسیکیوٹر آفس کے حکام کے مطابق پولیس نے شہرکے مرکزی علاقے میں ایک شاہراہ سے 4 افراد کی نعشیں برآمد کیں جبکہ شہر کے دیگر 2 مختلف مقامات سے بھی سات افراد کی نعشیں برآمد ہوئی ہیں جنہیں تشدد اور فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔ حکام کے مطابق ویرا کروز میں پراسیکیوٹرز اور دیگر اعلی حکام کے اجلاس کے موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور اضافی پولیس وفوجی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ منگل کو میکسیکو کے جنوبی علاقے لوکا ڈیل ریو سے 35 افراد کی نعشیں برآمد ہوئی تھیں جبکہ پرتشدد کارروائیوں میں منشیات فروش گروہ زیتاس کے ملوث ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔