کلر کہار کے قریب موٹر وے سالٹ رینج میں اسکول کی بس بریک فیل ہونے کے باعث بے قابو ہوکر کھائی میں گرگئی۔ جس کے نتیجے میں وائس پرنسپل اور بچوں سمیت چھتیس افراد جاں بحق اور پینتیس زخمی ہوگئے۔ اٹھائیس زخمی بچوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ ملت گرامر اسکول فیصل آباد کی بس ،اسکول کے بچوں کے کلرکہار کے تفریحی دورے کے بعد، واپس فیصل آباد جارہی تھی۔اس دوران موڑ پر بریک فیل ہونے کے باعث بس کھائی میں جاگری ۔ پولیس کیمطابق بس میں سو سے زائد طلبہ اور اسکول کا دیگر عملہ سوار تھا۔ جاں بحق ہونے والوں میں اکثریت بچوں کی ہے،جبکہ وائس پرنسپل سمیت اسکول کا دیگر عملہ بھی جاں بحق افراد میں شامل ہے۔ پینتیس سے زائد زخمی بچوں اور دیگر افراد کو طبی امداد کیلئے ڈی ایچ کیو اسپتال اور فوجی فانڈیشن اسپتال چکوال منتقل کردیا گیا۔ جہاں بارہ طلبہ کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ زخمی بچوں کے مطابق بس اچانک تیز ہو گئی۔ ڈرائیور نے بتایا کہ بریک فیل ہو گئے ہیں۔ پھر موڑ کاٹتے ہوئے بس کھائی میں گر گئی۔