بھارت کی شمالی اور مشرقی ریاستوں اترپردیش بہار اور اڑیسہ میں حالیہ موسلادھار بارشوں اورسیلاب کی تباہ کاریوں کے دوران مزید48 افراد ہلاک اور ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد بے گھر ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست اڑیسہ اترپردیش اوربہار میں حالیہ بارشوں سے بڑے پیمانے پر تباہی ہونی ہے اور بیشتر نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں کے متاثرین درختوں اور بلندمقامات پرچڑھ کر پناہ لینے پرمجبور ہوگئے ہیں ۔حالیہ موسلادھار بارشوں کے باعث سیلاب کے نتیجے میں سینکڑوں مکانات تباہ ہوگئے ہیں اور سینکڑوں ایکڑ اراضی پرکھڑی فصلیں بھی بری طرح متاثر ہوئی ہیں متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئی ہیں متاثرین کو ہیلی کاپٹروں اورکشتیوں کی مدد سے خوراک اوردیگر امدادی اشیافراہم کی جارہی ہیں۔ حکام کے مطابق حالیہ بارشوں کا سلسلہ مزید دو روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق ریاست اترپردیش میں متعددمکانات منہدم ہونے کے نتیجے میں 31 افراد ہلاک اور سینکڑوں شدید زخمی ہوئے جبکہ ریاست اڑیسہ میں 17 افراد سیلابی ریلے کی نذر ہوگئے۔ بھارتی خکام کے مطابق موسلادھار بارشوں کے باعث امدادی کارروائیوں میں دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔حکام نے بتایاکہ ریاست اڑیسہ میں حالیہ موسلا دھار بارشوں سے ایک لاکھ 30 ہزارسے زائد افراد بے گھر ہوئے جنھیں حفاظتی مقامات پر پہنچایا گیا ہے جبکہ متاثرہ خاندانوں کو زرتلافی کے طورپر 2200 ڈالر فی خاندان دئیے جائینگے۔