فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں سمندری طوفان کے بعد بدھ کو بنیادی سہولتوں کی بحالی کا آغاز ہو گیا ہے۔طوفان نیسیٹ کے باعث کم از کم 18 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ مزید 35 افراد لاپتا ہیں۔حکام نے تباہ کاریوں کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے اور نقصانات کا ابتدائی تخمینہ لگ بھگ 23 لاکھ ڈالر لگایا جا رہا ہے۔مختلف اداروں کے علاوہ خود شہری اپنی مدد آپ کے تحت متاثرہ علاقوں کی صفائی میں مصروف ہیں۔کاروباری مراکز، سرکاری دفاتر اور بعض اسکول دوبارہ کھل گئے ہیں اور منیلا میں بجلی کی ترسیل کے نظام کی بحالی کے بعد اندرون شہر ٹرین سروس بھی بحال ہو گئی ہے۔عہدے داروں نے بتایا ہے کہ تقریبا 48 ہزار افراد نے اب بھی ہنگامی مراکز میں پناہ لے رکھی ہے۔توقع کی جا رہی ہے کہ چین کا جزیرہ ہینان جمعرات کی شب یا جمعہ کی صبح طوفان نیسیٹ کی زد میں آئے گا۔