ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری شہروں میں 12 جبکہ دیہی علاقوں میں دورانیہ 16 گھنٹے تک پہنچ گیا۔ ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان، لودھراں، ہارون آباد، سمیت دیگر شہروں میں بارہ جبکہ دیہی علاقوں میں سولہ گھنٹے کی بدترین لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔ صنعتیں جزوی طورپر بند اور ہزاروں مزدور بے روزگار ہوچکے ہیں۔ پنجاب کے متعدد آئی پی پیز بند ہونے سے بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے اور شارٹ فال ایک مرتبہ پھر 6000میگاواٹ سے تجاوز ہونے سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بیس گھنٹے تک ہو گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے متعدد آئی پی پیز کو رقم کی ادائیگی نہیں ہوسکی جس سے یہ آئی پی پیز یا تو بند ہیں یا پھر نہ ہونے کے برابر بجلی پیدا کی جارہی ہے ۔ موسم کی شدت میں کمی کے باوجود شارٹ فا ل ایک مرتبہ پھر 6000میگاواٹ سے تجاوز کرگیا ہے ۔ حکومت نے اگر آئی پی پیز کو رقم کی ادائیگی نہ کی تو آنے والے دنوں میں یہ بحران مزید بڑھ سکتا ہے۔