اسلام آباد : لوڈ شیڈنگ کے خلاف ن لیگ کا قومی اسمبلی سے واک آؤٹ۔ لوڈ شیڈنگ اور حکومتی پالیسیوں کیخلاف مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی میں شدید احتجاج کیا، گو زرداری گو کے نعرے لگانے کے بعد ایوان سے واک آوٹ کر دیا، چوہدری نثار کہتے ہیں کہ موجودہ دور جمہوریت کا بدترین دور بن چکا، مشرف نے بھی ایوان کا تقدس اتنا مجروح نہیں کیا۔ جتنا اس دور میں ہورہا ہے۔ مسلم لیگ ن کے ارکان بازں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر قومی اسمبلی میں داخل ہوئے۔ اور اجلاس کے دوران ڈیسک بجا کر گو زرداری گو کے نعرے لگاتے رہے۔ پنجاب میں جاری بدترین لوڈشیڈنگ کیخلاف ایوان سے واک آوٹ بھی کیا۔ اپوزیشن لیڈر چوہدری نثار نے کہا کہ پونے چار سال سے ایوان میں صرف بحث ہوتی رہی ہے، جن کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ وزیراعظم کل جماعتی کانفرنس پر قوم کو اعتماد میں لینا چاہیے۔ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ اے پی سی میں ایسے لوگوں کو بھی بلایا گیا جن کو گھر والے بھی ووٹ نہیں دیتے۔ ڈی جی آئی ایس نے آٹھ منٹ بریفنگ دی جس میں امریکا کا کوئی ذکر نہیں تھا، وزیر خارجہ کی بریفنگ پورا تیتر تھی نہ پورا بٹیر تھی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنی سیاست کرنی ہے تو کرے لیکن وہ عوام کے مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ اگر اس اسمبلی میں رہنا ہے تو حکومت کو جواب دینا ہوگا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ اربوں روپے کے پاور پلانٹ ناکارہ پڑے ہیں لیکن لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل نہیں کیا جاسکا۔ پاکستان کی خودمختاری پر حملہ کیا جاتاہے اور صدر تعریفی مضامین لکھتے ہیں۔ موجودہ حکومت کے دور میں عوامی دکھوں کا مداوا نہیں ہوسکتا۔ حکومت نے پارلیمنٹ کو مفلوج کرکے رکھ دیا ہے۔