کوئٹہ : وزیراعلی بلوچستان اسلم رئیسانی نے کہا ہے کہ آزاد بلوچستان کا نعرہ مہم جوئی کے سوا کچھ نہیں بعض عناصر قوم پرستی کے نام پر قوم کا استحصال کررہے ہیں جو پاکستان میں نہیں رہنا چاہتا کہیں اور چلاجائے۔اسلم رئیسانی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی زمہ داری ہے جس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔ پاکستان ہمارا ملک ہے جو پاکستان میں نہیں رہنا چاہتا وہ کہیں اور چلا جائے اجلاس میں فرقہ وارانہ اور لسانی دہشتگردی کے سدباب کے لئے اقدامات اور قومی شاہراہوں کی حفاظت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں علاقائی صورتحال سے بلوچستان براہ راست متاثر ہورہا ہے پرویز مشرف کے غلط فیصلوں کا خمیازہ ہم بھگت رہے ہیں۔ اجلاس میں آئی جی پولیس نے بتایا کہ کوئٹہ کے لئے نیا سیکورٹی پلان تیار کرلیا گیا ہے۔ شہر کو بیس سیکیورٹی زون میں تقسیم کرکے پولیس اور کانسٹیبلری کے پانچ ہزار اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے مختلف اداروں کی ٹاسک فورس بنائی گئی ہے۔ جس کا سربراہ ڈپٹی کمشنر ہوگا۔ روزانہ ٹاسک فورس کے اجلاس میں معلومات کا تبادلہ اور شرپسندوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ کابینہ کا اجلاس آج بھی جاری رہے گا۔