پیپلز پارٹی کے سینئر صوبائی وزیر تعلیم پیر مظہرالحق نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا ایک بھی ایم پی اے پارٹی پالیسی کے خلاف نہیں جائیگا سندھ میں بلدیاتی نظا م کے حوالے سے دو نوں فریقین مل کر سیاسی حل نکالے گے۔ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیر مظہرالحق کا کہنا تھا کہ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس بل جب سندھ اسمبلی میں پیش ہی نہیں کیا گیا تو اس کے مخالفت میں کیسے بات کی جاسکتی ہے دونوں فریقین کو اس معاملے پر لچک پیدا کرنا ہو گی۔ پیر مظہرالحق نے کہا کہ ایم کیو ایم بھی اس معاملے پر بات چیت کیلئے تیار ہے اس معاملے پر ایسا درمیان حل نکالا جائیگا جوکہ سندھ کے عوام کے مفاد میں ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے وزارتوں کے قلمدان سے متعلق کوئی تنازعہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے چاروں اراکین پیر پگارا سے ملنے گئے تھے وہ ہمارے بزرگ ہیں کسی ایم پی اے کی کوئی شکایت سامنے نہیں آئی جبکہ پیر پگارا کی جماعت ہماری اتحادی ہے۔