قومی اسمبلی میں مسلم لیگ نواز اور متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنوں نے ایک دوسرے پر الزامات لگائے اور نازیبا الفاظ استعمال کئے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں چوہدری نثارعلی خان نے کہاہے کہ ایم کیو ایم کی طرف سے ذاتیات سے متعلق معاملات فلور پر اٹھائے جاتے ہیں اور جو زبان استعمال کی جاتی ہے وہ اب برداشت نہیں کی جائے گی۔ ایسا کرنے والوں کے گریبان تک ہمارے ہاتھ پہنچیں گے۔ انھوں نیکہا ہے کہ ہم نے حکومت کیخلاف عدم اعتماد کا سوچا بھی نہیں ہے، ایک جماعت نے پوائنٹ اسکورنگ کیلئے یہ معاملہ اٹھایا ہے۔ اجلاس کی کارروائی کے دوران مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کے اراکین کے درمیان شدید ہنگامہ آرائی ہوئی۔ ایم کیو ایم کے رکن ساجد احمد کے ریمارکس پر مسلم لیگ ن کے رکن شفقت حیات بلوچ ان کی طرف سے بڑھے تاہم ان کو بعض اراکین نے روک لیا۔اس دوران پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ق ،مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کے بعض اراکین بیچ بچا کراتے رہے تاہم بعد میں معاملہ گالم گلوچ تک پہنچ گیا۔