لاہور: ڈینگی سے مزید پانچ افراد دم توڑ گئے

dengue

dengue

لاہور میں ڈینگی وائرس کا شکار ہو کر مزید پانچ افراد دم توڑ گئے اس طرح پنجاب میں ڈینگی سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 256 ہوگئی ہے۔ ساٹھ سالہ عبدالغفور دو روز قبل گنگا رام اسپتال لایا گیا تھا۔ جو پلیٹ لیٹس کی کمی کے باعث جاں بحق ہوا۔ سروسز اسپتال میں تین افراد ڈینگی کا نشانہ بنے۔ جاں بحق ہونے والوں میں پچاس سالہ ناصر بخش ، بچیس شفیق طالب اور تیس سالہ خاتون صباظفر شامل ہیں۔ ای ایم ایچ اسپتال میں پچپن سالہ کنیز فاطمہ جاں بحق ہوگئی۔ رات سے اب تک لاہور میں ڈینگی سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد پانچ ہے۔ سندھ میں بھی ڈینگی سے مزید 2 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ کراچی کے علاقے گذری میں ڈینگی سے جاں بحق ہونے والی چار ماہ کی بچی اور سکھر میں سترہ سالہ لڑکی کی ہلاکت کے ساتھ ڈینگی سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد دس ہو گئی ہے۔ ڈینگی سرویلنس سیل کے مطابق صوبائی دارالحکومت کراچی میں چودہ اور صوبے کے دیگر علاقوں میں سات مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ مجموعی طور پر صوبہ سندھ میں ڈینگی مریضوں کی تعداد آٹھ سو اسی ہوچکی ہے۔
چھ سو چوہتر مریضوں کو اسپتالوں میں داخل کیا گیا دو سو آٹھ مریض مختلف اسپتالوں کی او پی ڈیز میں آئے جبکہ اس وقت صوبے بھر میں ڈینگی کے سینتالیس مریض زیرعلاج ہیں۔